اسلام آباد ۔ 30 جون (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ملکی تاریخ کا پہلا عوامی اور فلاحی بجٹ پیش کیا ہے جو پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے وزیراعظم عمران خان کے وژن کا عکاس ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو یہاں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کل پارلیمان نے پہلے عوامی اور فلاحی بجٹ کی منظوری دی ہے جس میں اقتصادی اصلاحات کے اہداف کو بھی شامل کیا گیا ہے، بجٹ کی منظوری کے بعد اس پر عملدرآمد کے لئے حکومت کی اقتصادی ٹیم اور تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے وزیراعظم عمران خان کے ایجنڈے کو اس بجٹ کا مرکزی نقطہ بنایا گیا ہے، پاکستان تحریک انصاف کے منشور کے تحت ملکی پائیدار ترقی اور اداروں کا استحکام موجودہ حکومت کا بنیادی ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وزیراعظم عمران خان کے وژن کو آگے بڑھانے میں میڈیا اور تمام سٹیک ہولڈرز حکومت کا ساتھ دےں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں ملک کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کو بجٹ حکمت عملی کا حصہ بنایا گیا ہے جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو دستاویزی شکل دی جا رہی ہے جس کے مثبت اثرات سامنے آئیں گے اور یہ منی لانڈرنگ کے خاتمے میں بھی معاون ثابت ہو گا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ قوم سے سچ بولا ہے۔