وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی میڈیا سے گفتگو

141

لاہور۔6 جولائی(اے پی پی )وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مریم نواز کی طرف سے جاری آڈیو ویڈیو ٹیپ قوم کو گمراہ کرنیکی کوشش ہے، یہ ویڈیو ہائیکورٹ سے رجوع کرتے وقت کیوں نہ پیش کی گئی، یہ ایک جج پر نہیں پوری عدلیہ پر حملہ کیا ہے،ویڈیو سے (ن) لیگ کی ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کی کوشش کی گئی لیکن اس بار بھی ناکا می ہو گی ، مریم نواز کے ٹیپ کے دعوے کی حقیقت فرانزک آڈٹ کے بعد سامنے آئے گی، ان خیالات کااظہار انہوںنے یہاں مقامی ہوٹل میں آل پاکستان انجمن تاجران کے عہدیداران سے ملاقات سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مریم نوازنے معزز جج کے حوالے سے ویڈیو جاری کرکے اداروں کو بدنام کرنے کی مذموم سازش کی، ایسے اقدامات بغض پاکستان اور ملک سے عداوت کے مترادف ہے، مریم نواز نے جج پر الزام لگا کر باشعور عوام کی ہمدردیاں سمیٹنے کی بھونڈی کوشش ہے، میڈیا پر تماشا لگانے کے بجائے ٹیپ عدالت میں لے کر جائیں اور اگر دامن صاف ہے تو شریف خاندان کے تمام افراد کو پاکستان بلائیں اور عدالتوں میں پیش ہوں،بھتیجی نے اپنے چچا کو بلڈوز کرکے قوم کے اعصاب کے ساتھ کھیلا اور ملک کے باشعور لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، نوازشریف جیل میں اور باقیات مریم صفدر کی شکل میں ایک ٹیپ لے کر آئیں لیکن ان کی ٹیپ کی ہانڈی بیچ چوراہے میں پھوٹ گئی۔