اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان ہندوستان کے یکطرفہ اور مکروہ عمل کو مسترد کرتا ہے،کشمیری عوام تحریک جدوجہد میں عظیم قربانیاں دے رہے ہیں، بھارت نے آرڈیننس کے ذریعے کشمیریوں کو یرغمال بنانے کا بھونڈا اقدام اٹھایا، ردی کے کاغذ کے ٹکرے کو مقبوضہ کشمیر اور پاکستان کے عوام نے مسترد کر دیا ہے، کشمیر کاز کو طاقت سے کچلنے کی کوشش خطہ کے امن کو داو¿ پر لگا سکتی ہے، پاکستان کشمیری بہن بھائیوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کی سیاسی قیادت کو کشمیریوں کی حمایت اور میڈیا کو مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے پر خراج تحسین پیش کرتی ہوں، وزیراعظم عمران خان خطہ کے امن اور ترقی کیلئے کام کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی آزادی کی تحریک کیلئے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں، پاکستانی قوم تحریک آزادی کے شہداءکو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی یکطرفہ مکروہ عمل سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے، بھارت نے آرڈیننس کے ذریعے کشمیریوں کو یرغمال بنانے کا بھونڈا اقدام اٹھایا جسے مقبوضہ کشمیر اور پاکستان کے عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اس مکروہ عمل کے ذریعے خطہ کا امن داو¿ پر لگایا ہے اور ثابت کیا ہے کہ بھارت خطہ کی ترقی کا دشمن ہے۔