وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو

59

اسلام آباد ۔ 20 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کندھے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے جمعہ کو نجی نیوز چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری نظام میں ہر ایک کو دھرنا دینے یا احتجاجی مظاہرہ کرنے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے اسلام کا نام استعمال کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ایسے ہی عناصر اسلام کے نام پر ووٹ حاصل کرتے رہے ہیں اور دیہی سیاسی شخصیات اب بھی اسلام کا کارڈ استعمال کر کے فوائد حاصل کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم مقبوضہ کشمیر میں رہنے والے لاکھوں کشمیری عوام کیلئے مارچ کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کشمیری عوام کے بارے میں بڑی تشویش ہے جنہیں گزشتہ کئی دنوںسے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاﺅن کی صورتحال کا سامنا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ موجودہ حکومت کو مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ سے کوئی پریشانی نہیں ہے کیونکہ مولانا فضل الرحمان ان سیاسی رہنماﺅں کے حق میں مارچ شروع کررہے ہیں جو کرپشن کے الزامات پر جیلوں میں بند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑی حیر ان کن بات ہے کہ مولانا نے ان افراد کیخلاف کبھی کوئی درخواست نہیں دی جو بدعنوانیوں میں ملوث رہے ہیں اور نہ ہی انہوں نے کسی دوسرے مسئلے یا انتخابات میں دھاندلی کیخلاف کوئی درخواست دی حتیٰ کہ کوئی حلقہ کھولنے کے بارے میں بھی کبھی کوئی درخواست نہیں دی۔