اسلام آباد۔ 23 ستمبر:وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین طویل مدتی سٹریٹجک شراکت دار ہیں، دونوں ممالک مشترکہ معاشی خوشحالی اور امن کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس ( پی این سی اے ) میں عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 70 سالہ تقریبات کے سلسلے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے تنازعہ کشمیر سمیت ہر اہم معاملے پر پاکستان کی حمایت کی ہے اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد بھی چین کی یہ حمایت جاری ہے۔ چین سٹریٹجک شراکت دار کے طور پر اہم امور پر ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال چین نے پاکستان کو معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مدد دی، پاکستان ایک چین کی پالیسی کی حمایت کرتا ہے اور تائیوان، ہانگ کانگ اور بحیرہ جنوبی چین کے معاملے پر چین کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے علاقائی دوست اور بین الاقوامی مدد گار ہونے کی حیثیت سے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، چین معاشی، سماجی، دفاعی اور ثقافتی امور میں پاکستان کا سٹریٹجک شراکت دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات نہ صرف حکومتی سطح پر بلکہ عوام کی سطح پر اور نسل در نسل ہیں، چین پاکستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافے، ان کی تربیت اور انہیں با اختیار بنانے میں تعاون فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے، شاہراہ ریشم پاک چین دوستی کی علامت ہے، ہم دو مختلف ممالک میں رہتے ہوئے ایک قوم ہیں اور ہمارا مقصد ایک ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے خوشحالی کی راہ ہموار ہوئی ہے اور ایک دن پاکستان معاشی طاقت بن کر ابھرے گا۔