میرپور ۔ 2 اکتوبر (اے پی پی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں میرپورکے زلزلہ متاثرین کی مکمل بحالی تک حکومت پاکستان ،پاک فوج ،این ڈی ایم اے اورسماجی تحفظ کے ادارے ساتھ کھڑے ہیں، ہرسطح پر سیاسی مفادات کے بالاتر ہوکر متاثرین کے لئے کام کرنا پڑے گا ،آزمائش ہمیشہ بہادر اور جرات مند لوگوں کو پیش آتی ہے، مقابلہ کرنے والی اقوام آزمائشوں میں ثابت قدمی سے آگے بڑھتی ہیں،حکومت کی جانب سے متاثرین زلزلہ کے لئے معاوضہ ملک کے 22کروڑ عوام کے جذبات اور احساسات ہیںیہ پہلا مرحلہ ہے مستقبل میں بھی امداد کا عمل جاری رہے گا، میرپور کی صنعت بھی زلزلہ میں متاثر ہوئی ہے تمام اداروں کے ساتھ مل کرمتاثرین کا مربوط ڈیٹا بینک تیار کیا جارہا ہے، ڈیٹا بینک مکمل ہونے کے بعد بیرونی ممالک کی امداد لینے یا نہ لینے کافیصلہ کیا جائے گا ۔ وہ بدھ کو یہاں زلزلہ متاثرین میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں صحافیوں سے گفتگوکر رہیں تھیں ۔چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ڈاکٹرثانیہ نشتر،چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل ،آزادکشمیرکے وزرائ، پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ،آزاد کشمیر کی انتظامیہ کے عہدیداران اس موقع پر موجود تھے۔