وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوش عاشق اعوان کا پریس کانفرنس سے خطاب

76

لاہور۔5 اکتوبر(اے پی پی )وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوش عاشق اعوان نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمن کا بیانیہ ذاتی مفادات کیلئے ہے،22 نمبر بنگلے سے دوری فضل الرحمن کو حکومت مخالف تحریک چلانے پر اکسا رہی ہے،جیلوں میں قید اپوزیشن قیادت مولانا کے کندھوں پر بندوق رکھ کر چلا نا چاہتی ہے، حکومت گرانے اور لاک ڈاﺅن کے ارمان مولانا کے سینے میں دفن ہو جائیں گے ان کے کہنے پر مدارس کے طلباءبھی باہر نہیں آئیں گے، اس وقت مولانا کے پاس گیدڑ بھبھکیوں کے علاوہ کچھ نہیں،وہ ہفتہ کے روز سٹیٹ گیسٹ ہاﺅس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ ڈاکٹر فردوش عاشق اعوان نے کہا کہ پرامن احتجاج سب کا بنیادی حق ہے‘ تحریک انصاف نے آئین کی حکمرانی‘ اداروں کو بااختیار بنانے اورکرپشن کے خاتمہ کیلئے دھرنا دیا تھا‘ فضل الرحمن حکومت کو گرانے کیلئے مدارس کے بچوں کو ڈھال کے طورپراستعمال کرنا چاہتے ہیں‘ عمران خان کا بیانیہ قومی جبکہ فضل الرحمن کا بیانیہ ذاتی مفادات کیلئے ہے‘ جس وقت بھارت معصوم کشمیریوں کیخلاف تمام ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہو ایسے وقت میں ملک کو یکجہتی کی ضرورت ہوتی ہے نہ کہ انتشار کی‘اقوام متحدہ میں ملت اسلامیہ کا حقیقی چہرہ متعارف کرانے پر پاکستان عالمی سطح پر کلیدی حیثیت اختیار کر چکا ہے‘ ملک آگے کی طرف بڑھ رہا ہے اور معیشت کے اہداف پورے ہورہے ہیں‘ بلاول اور زرداری کی باتوں میں تضاد ہے یوں لگ رہا ہے کہ اپوزیشن مولاناکے ساتھ چوہے بلی کا کھیل کھیل رہی ہے‘ وزیر اعظم سوموار کو چین کا دورہ کر رہے ہیں جودوطرفہ تجارت اورکشمیر کے ایشوپر نہایت اہمیت کا حامل ہے‘ وزیراعظم کی کوششوں سے کرکٹ دوبارہ پاکستان آئی ہے اور وہی سری لنکا کی ٹیم جس پر حملہ ہوا تھا آج محفوظ پاکستان میں کھیل رہی ہے۔