اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین دونوں ممالک کے مابین گہری اور لازوال دوستی کے بندھن کو مزید مضبوط کرے گا، ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی دوستی محبتوں کی آئینہ دار ہے جس کی اقوام عالم میں بھرپور گونج سنائی دیتی ہے، یہ دورہ معیشت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے فروغ سمیت سٹریٹیجک تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔ منگل کوڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان دورے کے دوران چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ سے ملاقاتیں کریں گے اورمقبوضہ جموں کشمیرمیں تشویشناک صورتحال پر چینی قیادت سے تبادلہ خیال کے ساتھ ساتھ سی پیک منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے حکومتی تاریخی فیصلوں سے بھی آگاہ کریں گے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی حمایت میں پاکستان کے مؤقف کی تائید پر چین کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔