وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا دو روزہ قومی میڈیاکانفرنس2019 سے خطاب

73

اسلام آباد ۔ 10 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں بدلے ہوئے پاکستان میں کوئی مقدس گائے نہیں ہے ،قانون بالادست اور افراد اداروں کے تابع ہیں، بدعنوانی، قومی سلامتی کو داغدار کرنے یا ملک کے امیج کو خراب کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس ہے، سیاست اور حکومت بعد میں ہے”پاکستان فرسٹ” اولین ترجیح ہے،سابقہ اداروں میں جان بوجھ کر قوانین اور اداروں کے افراد کے تابع رکھا گیا ،اداروں کو یرغمال بنا کر انھیں کمزور کر کے گھر کی لونڈی بنایا گیا، کسی بھی مہذب جمہوری ملک میں ایسی مثال نہیں ملتی ،وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کشمیریوں کا وکیل بن کر بھارتی مکروہ چہرہ بے نقاب کیا ہے ، کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے کو حقیقت میں بدلنے ،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم ،بربریت ، ناانصافیوں ، زیادیتوں کے خاتمے ،اقوام متحدہ کی قرارداووں ،قوانین اور ضابطوں پر عمل درآمد تک پورا پاکستان کشمیر کی آواز بن کر چٹان کی طرح ڈٹا رہے گا ، حکومت نے میڈیا کو ریاست کا چوتھا ستون تسلیم کر لیا ہے ،ہمارا مذہب، ثقافت، تہذیب اور تمدن ہماری طاقت ہے،ہمیں اپنی سماجی، ثقافتی اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے میڈیا سافٹ پاور کو بطور طاقت استعمال کرنا ہے۔وہ جمعرات کو نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگوئجز(نمل) میں ” 21ویں صدی میں میڈیا بطور نرم طاقت ” کے عنوان سے دو روزہ قومی میڈیاکانفرنس2019 سے خطاب کر رہی تھیں ۔نمل یونیورسٹی کے پیٹرن انچیف میجر جنرل (ر) محمد جعفر ، شعبہ سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی ،پروفیسر ڈاکٹر عبدالسراج ،یونیورسٹی کے شعہ ماس کمیونیکشن کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر خالد سلطان کے علاوہ مختلف یونیورسٹیوں کے ماہر ین اور مختلف شعبہ جات میں زیر تعلیم طلباءو طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔تقریب سے خطاب کر تے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نوجوان ہمارا روشن مستقبل اور قیمتی اثاثہ ہیں ،نمل یونیورسٹی جیسے تعلیمی ادارے نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو نکھارنے،یوتھ کو ففتھ جنریشن وار اورقومی مفادات کو لاحق چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیار کرنے اور نوجوان کی استعداد کار کو بڑھانے میں اہم کر دار ادا کر رہے ہیں ۔