وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی ضلعی عدالتوں کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ۔ یکم نومبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایات پر ضلعی کچہری اسلام آباد میں بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا ہے‘ عدالتوں میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے‘ ان مشکل حالات میں ججز کی فرائض کی ادائیگی اور وکلاءکا حوصلہ قابل تحسین ہے، دنیا میں کرپشن کے خلاف …

اسلام آباد ۔ یکم نومبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایات پر ضلعی کچہری اسلام آباد میں بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا ہے‘ عدالتوں میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے‘ ان مشکل حالات میں ججز کی فرائض کی ادائیگی اور وکلاءکا حوصلہ قابل تحسین ہے، دنیا میں کرپشن کے خلاف دھرنے اور مارچ ہوتے ہیں، ہمارے ہاں سیاسی فنکار کرپشن کے تحفظ کے لئے مارچ کررہے ہیں‘ حکومت نے جمہوریت دوست کا کردار ادا کردیا، اب اپوزیشن کے کرپشن زدہ چہروں کے ایجنڈا دیکھنا ہے، مارچ کے جمہوری حق کو عوامی مشکلات میں اضافے کے لئے استعمال سے گریز کیا جائے، حکومت نے معاہدے کے مطابق مارچ کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی‘ چوائس والی جگہ فراہم کی جبکہ پانی‘ بجلی سمیت تمام سہولیات بھی فراہم کیں۔ وہ جمعہ کو ضلعی عدالتوں کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہیں تھیں۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کی شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھے آنے کا موقع فراہم کیا، میری زندگی کا پہلا موقع ہے کہ کسی معاملے پر عدالت میں آﺅں‘ میرے اوپر آج تک کوئی ایف آر نہیں ہے، میں ان سیاستدانوں میں سے نہیں جو تھانے کچری کی سیاست کرتے ہیں۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایت پر وکلاءکی ٹیم کے ہمراہ ضلعی کچہری کا دورہ کیا، یہاں جو مشکلات اور سائلین کے چیلنجز ہیں، ان کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے، افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کی ضلعی عدالتوں میں صورتحال بہتر نہیں، معزز ججز کے لئے سہولیات نہیں‘ سائلین کے بیٹھنے کی جگہ نہیں ہے، ایسا ماحول نہیں کہ فرائض آسانی سے ادا کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ 30 سال اور مسلسل 10 سال حکومتیں کرنے والوں نے بھی مسائل حل نہیں کئے، مشکل ترین حالات میں خدمات سرانجام دینے والے معزز جج صاحبان اور پیش ہونے والے وکلاءکے حوصلے کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کو درست کرنے کے لئے کردار ادا کروں گی۔ وکلاءبرادری کو یقین دلاتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کی پہلی ترجیح انصاف ہے، انصاف کی اس جدوجہد کو آگے بڑھانا اور پسے ہوئے عوام کے لئے جدوجہد کرنا وزیراعظم کا عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ 60سال پہلے سی ڈی اے کا پلان بنایا گیا، جو کسی نے تبدیل نہیں کیا، اب وزیراعظم عمران خان کی قیادت نے پلان بنایا ہے جس میں ضلعی عدالتوں کی حالت کو بہتر کرنا بھی شامل ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ججز کی تعداد کی کمی کو پورا کرنا پارلیمنٹ کی مشترکہ ذمہ داری ہے، تمام سفارشات اور صورتحال وزیراعظم کے سامنے رکھیں گے، اس معاملے میں بھی وزیراعظم عمران خان امید کی کرن ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دھکے کھاتا ہوا سائل عدالتوں میں آتا ہے، جب عدالتوں میں بنیادی سہولیات نہ ہو تو سائل مایوس ہوجاتا ہے، انسانیت کی خدمت ہی سیاست کا اصل محور اور مرکز ہے، عمران خان کی سماجی خدمات سب کے سامنے ہیں، پہلے غریب عوام کے لئے کینسر ہسپتال بنایا، وزیراعظم کا عزم ہے کہ حکومت ایسے قوانین اور امور پر کام کرے جس کا فائدہ نچلے طبقے کو براہ راست پہنچ سکے۔ انہوں نے خواتین کو وراثت میں حصہ اور دیگر قوانین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن قانون سازی میں تعاون نہیں کررہی جس کی وجہ سے حکومت قانون سازی آرڈیننس کے ذریعے کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاءسمیت تمام طبقات سے اپیل ہے کہ مفاد عامہ میں سی ڈی اے پلان پر عملد رآمد میں تعاون کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا مارچ کرپشن کو تحفظ دینے کے لئے ایک جدوجہد ہے‘ کرپشن زدہ سارے چہرے کنٹینر پر اکٹھے ہیں، ہم نے انہیں فائیو سٹا ر سہولیات دیں ہیں، جمہوریت کا پرچار کرنے والے آج جمہوری حکومت کو گرانے آئے ہیں، ان کو بہتر ہونا چاہئے کہ پی ٹی آئی کے دھرنے میں رکاوٹیں، گرفتاریاں ‘ عورتوں سے بدتمیزی جیسے واقعات ہوئے، اس وقت ایسا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بجلی‘ پانی سمیت تمام سہولیات دی ہیں اور کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی۔ جمہوریت اور حکومت کا کردار نبھا دیا ہے دیکھنا ہے کہ جمہوریت پسندوں کا ایجنڈا آگے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں ڈیڑھ سال حکومت نے عوام کو نڈھال کیا، انہیں تکلیف یہ ہے کہ حکومت عوام کی خدمت سے جس ایجنڈے پر گامزن ہے، اسے کیسے روکا جائے، ورلڈ بینک کے صدر کے جواب ہی سب کچھ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نادان اپوزیشن کا پہلا آزادی مارچ ہے جو کرپشن کو تحفظ دینے کے لئے ہے، دنیا میں کرپشن کے خلاف یہاں کرپشن کو تحفظ دینے کے لئے مارچ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوائس کے مطابق دھرنے والوں کو جگہ فراہم کی ہے جمہوری حق کو تسلیم کرتے ہیں، اس حق کو دوسروں کے لئے مشکلات کے لئے استعمال نہ کریں۔