وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا ٹویٹ

44

اسلام آباد ۔ 15 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کرونا وائرس پر سارک ویڈیو کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان خطے کے عوام کی زندگی اور ان کی صحت سے متعلق وہی فکر اور احساس رکھتا ہے جو اپنے شہریوں کے حوالے سے اسے لاحق ہے، سارک تنظیم خطے میں رہنے والے عوام کے مشترکہ مفادات سے متعلق ایک اہم ادارہ ہے،بین الاقوامی چیلنج سے نمٹنے کیلئے سارک کے پلیٹ فارم سے کاوشیں دنیا کی آبادی کے بڑے حصے کو محفوظ بنانے میں کارگر ثابت ہو سکتی ہیں، اقوام متحدہ اور عالمی ادارہ صحت سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو اجازت دی جائے کہ کشمیریوں کے زندہ رہنے کے بنیادی حق کے تحفظ کے لیے وہ اپنا فرض ادا کر سکیں۔ اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سارک تنظیم خطے میں رہنے والے عوام کے مشترکہ مفادات سے متعلق ایک اہم ادارہ ہے، اس ادارے کے حقیقی کردار کا اس سے بہتر وقت اور نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے کے دیگر ممالک کی تشویش میں برابر کا شریک ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے سارک نمائندوں کو پاکستان کی جانب سے وائرس پر قابو پانے کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا، جن کا اعتراف عالمی ادارہ صحت بھی کرچکا ہے۔وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ بین الاقوامی چیلنج سے نمٹنے کیلئے سارک کے پلیٹ فارم سے کاوشیں دنیا کی آبادی کے بڑے حصے کو محفوظ بنانے میں کارگر ثابت ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے خطرات سے بچاو¿ کیلئے مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کے لیے طبی سہولیات یقینی بنائی جائیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی ادارہ صحت سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو اجازت دی جائے کہ کشمیریوں کے زندہ رہنے کے بنیادی حق کے تحفظ کے لیے وہ اپنا فرض ادا کر سکیں۔