وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ سے روسی کمپنی کے وفد کی ملاقات

219
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ سے روسی کمپنی کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد۔4مئی (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوان کو ای بائیکس کیلئے آ سان شرائط پر قرضہ فراہم کیا جارہا ہے جس سے ان کو برسرروزگاربنانےکے مواقع پیدا ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پرائم منسٹر آفس اسلام آباد میں روسی کمپنی کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں انتون یکوف(نائب صدر یانگو)، فیصل افتخار(سربراہ پاکستان یانگو)،میرال شریف (جنرل منیجر اسلام آبادیانگو)،ارزش اعظم سی۔ای۔اوایجاد لیبز اور دیگر اراکین نے شامل تھے ۔

ملاقات میں ملک کے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پائیدار نقل و حمل کے لئے ای-بائیکس کے استعمال کو فروغ دینے کے طریقوں کے بارے میں خیالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔کمپنی حکام نے اعلان کیا کہ وہ پاکستان میں ایک رائڈنگ فرم قائم کریں گے اور کمپنی کا ابتدائی مرحلہ لاہور میں شروع ہوچکا ہے۔وزیر اعظم یوتھ پروگرام اور روسی رائڈنگ کمپنی نے مل کر نوجو انوں کے لئے کام کرنے پر اتفاقِ رائے کیا ۔ پرائم منسٹر یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم کے تحت، آسان اقساط پر ای-بائیکس کی خریداری کی پیشکش کرے گا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ نوجوانوں کی مختلف سر گرمیوں میں شمولیت اور روزگار کی فراہمی ہمیشہ سے ہی حکومت کی اولین ترجیح رہی ہے اور اس ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت، ای بائیکس سروسز کا آغاز کیا جا رہا ہے ، جس سے آسان اقساط پر بائیکس خرید ے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ای بائکس پائیدار، ماحول دوست ہیں اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں مددگار ثابت ہوں گے۔ شزہ فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام نوجوانوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔

پرائم منسٹر یوتھ پروگرام ایک ایسا ذریعہ ہے جو نوجوانوں کو تعلیم، روزگار، انٹرپرینیورشپ اور قیادت کے شعبوں میں مواقع فراہم کرنے کے لئے عمل میں لایا گیا ہے۔ یہ پروگرام حکومت پاکستان کی جانب سے 2013 میں شروع کیا گیا تھا جس کا مقصد نوجوانوں میں فنی تعلیم کو فروغ دے کر انھِیں روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

پروگرام میں غیر نصابی سرگرمیوں کو فروغ دے کر ملک میں کھیلوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ جدید تعلیم اور آئی ٹی کے شعبہ کو بھی فروغ دینا ہے۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اس بات کی خوشی ہے کہ پروگرام کی جامع حکمت عملی کے کامیاب نفاذ کے براہ راست نتیجہ کے طور پر پاکستان کے نوجوانوں کو اپنی بھرپور صلاحیتوں کا ادراک کرنے اور ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کئے گئے جس کے بہت مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کی حوصلہ افزائی انکی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور معیشت میں حصہ ڈالنے کے لئے نئے مواقع پیدا کرسکتی ہے۔ اس سے مجموعی طور پر ملک پر مثبت اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ مزید براں معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مل کر کام کرنے سے، ملک کو درپیش چیلنجوں کے لیے اختراعی حل کی نشاندہی کر سکتے ہیں۔ روسی کمپنی حکام کا پاکستان میں نوجوانوں کو در پیش مسائل کے حل کے لئے ہمہ جہت کوششیں کرنے پر بھی اتفاق کیا ۔