اسلام آباد ۔ 15 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے،یہ معلوماتی ویڈیو ان افراد کے لیے ہے جن کے خاندان کے اہل افراد وفات پا چکے ہیں، ان کی آسانی کے لیے احساس ایمرجنسی کیش کے تحت اپیل کا طریقہ کار وضع کردیا گیا ہےِ،یہ افراد مطلوبہ کوائف کے ساتھ اپنی درخواستیں ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے نام ایف بلاک سیکرٹریٹ اسلام آباد کے پتے پر ارسال کرسکتے ہیں۔ احساس ایمرجنسی کیش کی صوبائی و علاقائی لحاظ سے اب تک تقسیم شدہ رقم کی تفصیل بھی جاری کردی گئی ہے،ملک بھرمیں اب تک ایک کروڑ 26 لاکھ 89 ہزارسے زائد مستحق افراد میں153 ارب 55 کروڑ روپے سے زائد رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔ پنجاب میں 57 لاکھ 58 ہزار سے زائد افراد میں 69 ارب 68 کروڑ روپے تقسیم کیے جاچکے ہیں۔بلوچستان میں 7 ارب 73 کروڑ روپے 6 لاکھ 36 ہزار سے زائد افراد میں رقم تقسیم کیے جاچکے ہیں۔خیبرپختونخوا میں 21 لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد میں 26 ارب 23 کروڑ روپے تقسیم کیے جاچکے ہیں۔سندھ میں 45 ارب 46 کروڑ روپے37 لاکھ 69 ہزار سے زائد افراد میں تقسیم کیے گئے ہیں۔ آزادکشمیرمیں 2 لاکھ 5 ہزار سے زائد افراد میں 2 ارب 51 کروڑ روپے تقسیم کیے گئے ہیں۔گلگت بلتستان میں 90 ہزار سے زائد افراد میں 1 ارب 10 کروڑ روپے سے زائد رقم تقسیم کی جاچکی ہے۔اسلام آباد میں 80 کروڑ روپے سے زائد رقم66 ہزار سے زائد افراد میں رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔