وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا آل پارٹیز یکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب

401

اسلام آباد ۔ 16 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے ہندوستان کے بیانیہ کو ملیا میٹ کر دیا ہے، پاکستان نے ہمیشہ بھارتی یکطرفہ سیاہ عمل کی بھرپور مذمت کی، اسے مکمل مسترد کیا، جنگیں جوش سے شروع ہوتی ہیں لیکن انہیں ختم کرنے کےلئے ہوش کا سہارا لینا پڑتا ہے، عمران خان واحد لیڈر ہیں جو ہوش اور جوش دونوں کا استعمال کرنا جانتے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے جوش کے ساتھ مودی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اسے للکارا اور ہوش کے ساتھ عالمی برادری کو باور کرایا کہ مسئلہ کشمیر انسانیت کا مسئلہ ہے،27 ستمبر کو وزیراعظم عمران خان کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں تاریخی خطاب ہو گا، عمران خان پہلے وزیراعظم ہوں گے جو کشمیریوں کے وکیل بن کر یہ معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھائیں گے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑھتا ہوا ظلم آخری سانسیں لے رہا ہے، پاکستان سیاسی، سفارتی، میڈیا، کمیونیکشن حکمت عملی کے ذریعے اس ظلم کو ہمیشہ کےلئے ختم کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، چوروں، ڈاکوﺅں کےلئے نہیں بلکہ اس وقت مظلوم اور نہتے کشمیریوں کے ساتھ یکہجہتی کےلئے سیاسی اے پی سی ہونی چاہئے۔ وہ پیر کو یہاں آل پارٹیز یکجہتی کشمیر کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ چیئرمین مشائخ و علماءکونسل پاکستان صاحبزادہ پیر سلطان فیاض الحسن قادری، جموں و کشمیر سالڈیٹری موومنٹ (جے کے ایس ایم) کی چیئرپرسن عظمیٰ گل، بھیرہ شریف کے گدی نشین پیر حسنات، خالد سلطان، مسلم لیگ ضیاءکے سربراہ اعجاز الحق،جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ، مولانا فضل الرحمان خلیل سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ علماءمشائخ کی کثیر تعداد کانفرنس میں شریک تھی۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مشائخ عظام حکومت کے کرنے والا کام سرانجام دے رہے ہیں۔ اس کانفرنس کے ذریعے علماءو مشائخ قیام پاکستان سے لے کر استحکام پاکستان تک کے فریضے کو ادا کرنے کےلئے یکجا ہو کو کشمیر کاز کو اجاگر کر رہے ہیں، مسئلہ کشمیر سیاسی نہیں ہماری بقاءکا مسئلہ ہے، جہاں عزتییں داﺅ پر لگ جائیں وہاں سب کو ایک ہونا پڑتا ہے، مشکل وقت پر قوم کے نام پر سیاست کے چمپیئنز کو قوم دیکھ رہی ہوتی ہے کہ بحرانی صورتحال میں میں ان کا کیا کردار ہوتا ہے۔