اسلام آباد ۔ 20 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے نو منتخب چیئرمین شیخ امجد رشید اور وائس چیئرپرسن مومنہ درید اور دیگر عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے۔ جمعہ کو اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت مقامی فلمی صنعت کی بحالی اور اس کی ترقی کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینما معاشرے کی ثقافت اور اقدار کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے انتخاب میں منتخب عہدیداروں پر اس صنعت سے وابستہ لوگوں نے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب عہدیدار مقامی فلمی صنعت کی ترقی میں فعال کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت انہیں اس ضمن میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔