وزیراعظم کی پروٹیکٹریٹ آف امیگریشن کے نظام کو ڈیجیٹائز کرنے اور بیرون ملک روزگار کے مواقع بارے آگاہی کے لئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت
وزیراعظم کی پروٹیکٹریٹ آف امیگریشن کے نظام کو ڈیجیٹائز کرنے اور بیرون ملک روزگار کے مواقع بارے آگاہی کے لئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

مزید خبریں
-
اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پروٹیکٹریٹ آف امیگریشن کے تمام تر نظام کو ڈیجیٹائز کرنے اور پاکستانی سفارتخانوں کو بیرون ملک روزگار کے مواقع سے آگاہی فراہم کرنے کے لئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی افرادی قوت باصلاحیت ہے، حکومت بین الاقوامی معیار کی تعلیم و عالمی سطح پر رسائی کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔
-
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نوجوانوں کو روزگار مہیا کرنے کے حوالے سے جائزہ اجلاس پیر کو یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء ڈاکٹر مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ، چوہدری سالک حسین، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، چیئرمین نیوٹیک راجا قمر الاسلام، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
-
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں کو پاکستانی افرادی قوت کیلئے روزگار کے مواقع کی تلاش میں تیزی لانے، پروٹیکٹریٹ آف امیگریشن کے تمام تر نظام کو ڈیجیٹائز کرنے اور افرادی قوت بالخصوص نوجوانوں کو سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت، نیوٹیک اور یوتھ پروگرام ہنر اور مختلف زبانوں کے کورسز بمعہ سرٹیفیکیشنز یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
-
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی افرادی قوت باصلاحیت ہے، بین الاقوامی معیار کی تعلیم و عالمی سطح پر رسائی کیلئے ہرممکن اقدام اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستانی سفارتخانوں کو بیرون ملک میسر روزگار کے مواقع سے آگاہی اور ڈیٹا کی فراہمی کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سرٹیفیکیشنز کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے تمام ادارے مختلف ممالک سے روابط مضبوط کریں۔
-
انہوں نے کہا کہ جن ممالک میں پاکستانی ہنرمند افراد کیلئے روزگار کے مواقع میسر ہیں، ان کی زبان کی تعلیم بمعہ سرٹیفیکیشنز یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے نیوٹیک کے تحت تکنیکی و فنی تربیت کے اداروں کی کارکردگی اور کنٹری آف ڈیسٹینیشن سینٹرز کے قیام پر رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
-
وزیراعظم کو افرادی قوت بالخصوص نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب میں 8 لاکھ نوجوان رجسٹر ہو چکے ہیں، بیرون ملک تعمیرات، زراعت، سیاحت، صحت، ٹرانسپورٹ، بائیوٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، نرسنگ، ادویہ سازی، اشیائے خوردونوش کی تیاری اور شپ بلڈنگ کے شعبوں میں روزگار کے مواقع موجود ہیں۔ بریفنگ کے مطابق ان شعبوں میں پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے کیلئے تربیتی پروگرام جاری ہیں، پاکستانی سفارتخانے مختلف ممالک میں میسر روزگار کے مواقع اور ان کیلئے درکار قابلیت ڈیجیٹل یوتھ ہب پورٹل پر فراہم کریں گے۔








