
اسلام آباد ۔ 4 مئی (اے پی پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ملک میں جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لئے وکلاءبرادری کی جدوجہد اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی میں وکلاءکا اہم کردار ہے، امید ہے کہ قانونی برادری عدالتی نظام کے استحکام اور عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے یہ بات ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے جمعہ کو یہاں قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے چیمبر میں ان سے ملاقات کی۔ وفد نے قانون کی عمل داری اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے وکلاءبرادری کے کردار کو اجاگر کیا۔ ملاقات کے دوران وکلاءبرادری کو درپیش مسائل بھی زیر بحث آئے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وفد کو یقین دلایا کہ ان مسائل کے حل کے لئے ہر ممکنہ کاوش بروئے کار لائی جائے گی۔