اسلام آباد۔11دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم کی ہدایت پر ملائیشیا میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لئے امدادی کی فراہمی کے سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے این ڈی ایم اے نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ ملائیشیا کے لئے امدادی سامان کی دوسری کھیپ راونگی کی تقریب کا اہتمام کیا۔ 40 ٹن امدادی سامان کی کھیپ آج رات بذریعہ خصوصی طیارہ اسلام آباد سے کوالالمپور کے لئے روانہ ہو گی۔
بدھ کو یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر برائےکشمیر و گلگت بلتستان امور انجینئر امیر مقام اور پاکستان میں ملائیشیا کے سفارتخانہ کے حکام نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روانگی کی تقریب میں شرکت کی جہاں این ڈی ایم اے اور وزارت خارجہ کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
روانہ کی گئی امدادی کھیپ میں خیمے، کمبل، لحاف، بستر اور لائف جیکٹس شامل ہیں ۔ وفاقی وزیر نے ملائیشیا میں سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چونکہ خود بھی قدرتی آفات کی زد میں ہے اور ایسی ہنگامی صورتحال میں پیدا ہونے والے مسائل سے بھی واقف ہے لہذا ملائیشیا کے ساتھ بحالی کے اس سفر میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
انہوں نے این ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں کی جانب سے بروقت سامان ترسیل اور روانگی کے عمل کو سر انجام دینے پر سراہا۔ ملائیشیا کے سفارتکار نے فوری امداد فراہمی پر پاکستانی عوام اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ حکومت پاکستان ملائیشیا کے سیلاب متاثرین کو انسانی بنیادوں پر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔