اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر ضلع دادو میں فیض محمد دریانی چانڈیو گائوں میں آتشزدگی کے واقعہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کی امداد کیلئے وفاقی حکومت نے 1 کروڑ روپے جاری کر دیئے ہیں جبکہ سانحہ کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کی بحالی تک ہر ممکن امداد فراہم رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سانحے میں جان کی بازی ہارنے والوں کے لواحقین کے دکھ میں پوری قوم برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ زخمیوں کے علاج معالجہ میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔
وزیرِاعظم نے ابتدائی رپورٹ کے بعد آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کی مکمل تحقیقات کا بھی حکم دیا ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ ایسے اقدامات کو یقینی بنائے کہ مستقبل میں ایسا کوئی بھی واقعہ سانحے کی شکل اختیار نہ کر سکے اور تفصیلی رپورٹ میں کسی بھی قسم کی غفلت کا پتا چلنے پر ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔