وزیراعظم کی ہدایت پر ضلع دادو کے گاؤں فیض محمد دریانی چانڈیو میں متاثرین آتشزدگی میں امدادی چیکس تقسیم کیے گئے

76
NDMA

اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ضلع دادو کے گاؤں فیض محمد دریانی چانڈیو میں متاثرین آتشزدگی میں امدادی چیکس تقسیم کیے ہیں۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق 18 اپریل 2022 پیر کی رات ضلع دادو کے گاؤں میں تیز ہواؤں کے باعث پیش آنے والے المناک آتشزدگی کے واقعہ میں 8 افرادجاں بحق،3 زخمی جبکہ 75 گھرانے متاثر ہوئے تھے۔

متاثرین آتشزدگی کی امداد کے لیے وزیر اعظم کی جانب سے جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ساتھ زخمیوں اور دیگر متاثرہ گھرانوں کے لیے ایک کروڑ روپے کے پیکج کا اعلان کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ مذکورہ چیکس این ڈی ایم اے نے پی ڈی ایم اے سندھ اور ضلعی انتظامیہ دادو کی معاونت سے متاثرہ گھرانوں میں تقسیم کئے ہیں۔