اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):وزیراعظم کےمشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور لیبیا مذہب اور ثقافت کی بنیاد پر ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں ، پاکستان اور لیبیا کے تعلقات ہمیشہ سے انتہائی خوشگوار رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاکستان میں تعینات لیبیا کے سفیر معمر عبد المطلب سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ دونوں ممالک مذہب اور ثقافت کی بنیاد پر ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں ، پاکستان اور لیبیا کے تعلقات ہمیشہ سے انتہائی خوشگوار رہے ہیں۔
قمر زمان کائرہ نے لیبیا میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل سے لیبیا کے سفیر کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ لیبیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی لیبیا کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔ لیبیا کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور لیبیا کے باہمی تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیبیا میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔