
اسلام آباد۔10جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ قائد محمد نواز شریف کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹے سلیمان شہباز کی بریت سے ثابت ہوگیا کہ یہ جھوٹ پر مبنی انتقامی مقدمات تھے۔ محمد نوازشریف کو اقتدار سے ہٹانے کے لئے بنائے گئے بے بنیاد مقدمات کی کوئی حیثیت نہیں،ماضی کا ایک گٹھ جوڑ بھی بے نقاب ہوچکا ہے ۔
پیر کو اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ ن لیگ اور اس کی قیادت کو ماضی میں بھی محدود کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ کامیاب نہیں ہو پائے،اس کے برعکس چندہفتوں میں بننے والی سیاسی پارٹی دیکھتے ہی دیکھتے پاش پاش ہوگئی۔
انہوں نےکہا کہ ملک کے تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والے محمد نواز شریف کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے، انصاف کے اداروں کو چاہئے کہ وہ بھی اس ناانصافی کا ازالہ کریں۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ پی ٹی آئی دور حکومت میں ہماری قیادت سمیت اپوزیشن سے تعلق رکھنے والوں کی اکثریت جھوٹے مقدمات میں جیلوں میں تھی۔
انہوں نے چیلنج کیا کہ اتحادی حکومت کے دور میں سیاسی مخالفین پر ایک بھی انتقامی مقدمہ قائم ہوا ہو تو بتائیں۔