اسلام آباد ۔ 4 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ پشاور میں بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبہ میں کوئی بے قاعدگی پائی گئی تو حکومت اس پر کارروائی کرے گی۔ ایک نجی نیوز چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کوئی کرپشن میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، وزیراعظم عمران خان نے بی آر ٹی منصوبے میں تاخیر پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صحت اور تعلیم کے سوا دیگر منصوبوں پر سبسڈی دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے مختلف منصوبوں پر سبسڈی دینے کے لئے قرضوں کی رقم خرچ کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے ملکی معیشت کی بحالی اور ملک کو تیزی سے ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گذشتہ حکومت نے بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے ریکارڈز قائم کئے ہیں، مسلم لیگ(ن) کے غلط فیصلوں سے قومی ادارے تباہ ہوئے۔ ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک بھر میں سیاحت کی صنعت کو فروغ دینا چاہتے ہیں جس کے لیے کوششیں جاری ہیں اور اس ضمن میں اہم اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے غریب عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے غربت کے خاتمے کے پروگرام بھی شروع کئے ہیں۔