وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی کی شہزاد اکبر کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ

70

اسلام آباد ۔ 5 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر وفاق کی سطح پر غربت مٹاﺅ معاون ادارے کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے ،غربت مٹاﺅ پروگرام کے لئے پہلے سے کام کرنے والے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ،پاکستان بیت المال ، غربت مٹاﺅ پروگرام سمیت دیگر اداروں کو غربت مٹاﺅ معاون ادارے کے تحت لائے جائیں گے ،ڈاکٹر اشفاق احمد غربت مٹاﺅ معاون ادارے کے چیئرمین ہونگے جبکہ بورڈ آف ڈائریکٹرز میں متعلقہ اداروں کو بھی شامل کیا جائے گا ۔وزیراعظم عمران خان نے کابینہ ورزاءکی کارکردگی جائزہ کی بات کی تھی ،وزیر خزانہ اسد عمر کے حکومت یا وزیراعظم سے کوئی اختلاف نہیں ہے ،میڈیا پر اس تناظر میں خبریں حقائق کے برعکس اور بے بنیاد ہیں ۔وہ بدھ کووزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دے رہے تھے ۔