اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ مافیا کا راگ الاپنے والے عدالتِ عظمیٰ سے سسیلئن مافیا کا ٹھپہ لگوا چکے ہیں، مافیاز کا سرغنہ لندن مفرور ہوکر ہوا خوری میں مصروف ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا مقابلہ سیاسی جماعتوں سے نہیں بلکہ مافیا سے ہے، وزیراعظم نے جھوٹ بولنے اور کرپٹ مافیا کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نااہل شریف 4 سال میں کرپشن رسیدیں دینے سے قاصر ہیں، شریف خاندان کے درباری غلام ججوں کو دھمکا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ پر حملے کرنے والے ایک بار پھر کھل کر سامنے آ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف مافیا کے ذلالت بھرے سیاسی سفر کا اختتام ہوچکا ہے۔