اسلام آباد ۔ 03 اپریل(اے پی پی) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لئے الزامات کی سیاست کو فروغ دے رہی ہے۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو دوسروں پر تنقید کرنے اور غیر پارلیمانی زبان استعمال کرنے کی عادت ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے احتساب کمشنر نے خود کہا ہے کہ پرویز خٹک کو کرپشن کے الزامات میں گرفتار کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے احتساب کمشنر نے کہا کہ کے پی کے میں کرپشن کی سطح بہت اونچی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ دھرنے کے دوران پی ٹی آئی کی قیادت پارلیمنٹ اور پی ٹی وی کے دفتر پر حملے میں ملوث تھی۔ مصدق ملک نے کہا کہ تمام اداروں میں تبدیلیاں آئین و قانون کے مطابق کی جائیں گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ آئی جی کی تعیناتی سیاسی مسئلہ نہیں تھا بلکہ وہاں صوبے کے امن و امان سے متعلق تھی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=49106