وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

88
ہماری حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہے، مصدق ملک

اسلام آباد ۔ 18 اپریل (اے پی پی) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پانامہ کیس کا جو بھی فیصلہ آئے گا ہمیں قبول ہوگا اور یہ بات سب سے پہلے وزیراعظم محمد نواز شریف نے عوام کے سامنے اپنے خطاب میں بھی کہی۔ منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانامہ پیپرز کے حوالے سے وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کے خاندان پر جھوٹے الزامات لگانے والے عدالت میں کوئی ایک ٹھوس ثبوت بھی پیش نہ کر سکے بلکہ عمران خان نے تو عدالت کے سامنے یہ اعتراف بھی کیا کہ ہمارے پاس کوئی ثبوت نہیں، ہمارا کام تو صرف الزامات لگانا ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت میں پانامہ کیس جتنا بھی لڑا گیا ہے وہ شریف خاندان کے فراہم کردہ دستاویزات کی بنا پر ہی لڑا گیا ہے کیونکہ الزامات لگانے والے تو کچھ بھی پیش نہیں کر سکے اور نہ ہی وہ پیش کر ہی سکتے تھے کیونکہ ان کے پاس عدالت میں پیش کرنے کو کچھ تھا ہی نہیں۔ ترجمان وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قیاس آرائیاں کرنے والوں کو اب گریز کرنا چاہیئے اور عدالت عظمیٰ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیئے۔