اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا بھرپور اور موثر جواب دے رہا ہے، گذشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایل او سی پر بھارتی افواج کی سیز فائر کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کی ہے اور اس مسئلے کے پرامن حل کے لیے ہر مناسب فورم پر آواز اٹھائی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ تما م اداروں میں اختیارات کی پرامن منتقلی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ملک میں جمہوریت مستحکم ہو رہی ہے، ترجمان وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام اہم عہدوں پر آئین کے مطابق تعیناتی سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ چند سیاسی جماعتیں ملکی اداروں کو متنازعہ بنا رہی ہیں اور انہیں سڑکوں پر بدنام کر رہی ہیں جو ایک اچھا عمل نہیں، ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ حکومت قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور اسے اپنے ریاستی اداروں پر مکمل اعتماد ہے۔