اسلام آباد ۔ 23 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور ہماری مسلح افواج اپنے وطن عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لیے ہر وقت تیارہیں، ہمیں کسی بھی قسم کا کوئی خطرہ نہیں کیونکہ افواج پاکستان دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک ہے اور یہ دنیا بھی جانتی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعے کو پاکستان ٹیلی ویژن سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں دنیا کے سامنے اپنا موقف بھرپور طریقے سے پیش کیا لیکن کسی پر کوئی دشنام ترازی نہیں کی کسی کے سر کا ذکر نہیں کیا بلکہ ایک مہذب طریقے سے اپنا موقف پیش کیا جو ایک بہترین طریقہ بھی ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ میں بھرپور لابی کی اور نہ صرف مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا بلکہ اس کے بارے میں تجاویز بھی دیں، وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں اور اقوام عالم کو یہ بتایا کہ پاکستان دہشت گردی کا شکار ہے اور دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے جس کے خاتمے کے لیے اس کی بنیادی وجوہات کا خاتمہ ضروری ہے