سے ملاقاتیں اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) مقبوضہ جموں وکشمیر کے حوالے سے وزیراعظم کے خصوصی پارلیمانی نمائندوں سینیٹر عائشہ رضا فاروق اور رکن قومی اسمبلی رانا محمد افضل خان نے جمعہ کو فرانس کے اراکین پارلیمان اور اعلیٰ حکام کو مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر جاری بھارتی افواج کے مظالم کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اپنے دورے کے دوران پارلیمانی وفد نے فرانس کی قومی اسمبلی ، سینیٹ، وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام اور مقامی تھنک ٹینکس سے ملاقاتیں کیں۔ وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فرانس کے سینیٹ میں پاک فرانس فرینڈشپ گروپ کے صدر سینیٹر پاسکال الزارڈ سے ملاقات میں پاکستانی وفد نے انہیں مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال کے بارے میں بتایا۔ وفد نے بھارتی افواج کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر اسلحہ اور چھرے والی بندوقوں کے استعمال کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ نہتے کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خود ارادیت کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ بھارتی مظالم اور جاری تشدد سے 100 سے زائد کشمیری شہید، 800 سے زائد کی بینائی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ 160 افراد کی بینائی ضائع اور 15 ہزار کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔