وزیراعظم کے سپورٹس وژن کے مطابق کھیلوں کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

53

اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ ہم صوبوں کے ساتھ مل کر وزیراعظم عمران خان کے سپورٹس وژن کے مطابق کھیلوں کا کھویا ہوا مقام حاصل کریں گے، صوبے اپنے علاقوں میں موجود صلاحیتوں کے اعتبار سے کھیلوں کو ترجیح دیں اور کھلاڑیوں پر توجہ دیں، پاکستان سپورٹس بورڈ صوبوں کے تعاون سے ایک جامع سپورٹس پالیسی ترتیب دے گا تاکہ ملک میں کھیلوں کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وفاقی بین الصوبائی سپورٹس کے ڈائریکٹر جنرلز کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جن کھیلوں پر توجہ دی جائے اسی کے مطابق سپورٹس انفراسٹرکچر بھی تعمیر کیا جائے اور بڑے بڑے مہنگے منصوبوں کی بجائے چھوٹی سطح پر سٹیڈیم اور گرائونڈز بھی تعمیر کئے جائیں تاکہ یہ سہولتیں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو میسر آ سکیں۔ انہوں نے صوبائی سپورٹس بورڈ کے سربراہان سے کہا کہ وہ ڈسٹرکٹ سطح پر اپنے سپورٹس آفیسرز کے ذریعے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچہ کو بنائیں۔ قبل ازیں اپنے استقبالیہ کلمات میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ صوبوں کے تعاون سے ایک جامع سپورٹس پالیسی ترتیب دے گا تاکہ ملک میں کھیلوں کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی منصوبوں جن میں جم اور سپورٹس ہیلتھ کلب جیسی سہولتیں ممکن بنائی جانی چاہئیں۔ اجلاس میں انچارج سیکرٹری صوبائی رابطہ امور محسن مشتاق، سپیشل سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر محمد ارشد، جائنٹ سیکرٹری عمران محمود، ڈی جی پنجاب سپورٹس بورڈ، ڈی جی کے پی سپورٹس بورڈ، ڈائریکٹر جنرل بلوچستان سپورٹس بورڈ اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے ارکان نے شرکت کی۔ اس موقع پر تمام صوبوں کے نمائندوں نے کھیلوں سے متعلق تفصیلی امور پر تبادلہ خیال کیا۔