
شانگلہ۔28اگست (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیرانجینئرامیرمقام نے اتوار کو شانگلہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کادورہ کیا ،ڈپٹی کمشنر شانگلہ نے سیلاب کے نقصانات اور بحالی کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا اور ان کی املاک کے نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے شاہراہوں پر آمد ورفت کا جائزہ لیا۔
انجینئر امیر مقام نے کروڑہ کے مقام پر آر ایچ سی کی تباہ شدہ عمارت کا معائنہ کیااور شاہ پور کانا روڈسمیت تباہ شدہ شاہراہوں کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔انجینئرامیرمقام نے این ایچ اے اہلکاروں کو شاہراہوں پر آمدو رفت ہر صورت ممکن بنانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر انہوں نے بجلی کی ترسیل کو بھی یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے۔انہوں نے بشام (شنگ) میں سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے دو نوجوان بھائیوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کیساتھ ہیں۔ انہوں نے لواحقین کو وفاقی حکومت کی جانب سے فی کس دس لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان بھی کیا۔