وزیراعظم کے مشیربرائے ماحولیات ملک امین اسلم کا پریس کانفرنس سے خطاب

89

لاہور۔31 دسمبر(اے پی پی )ملک امین اسلم مشیر وزیراعظم برائے ماحولیات نے کہا ہے کہ دنیا میں فضائی آلودگی کے باعث 2018کے دوران 70لاکھ اموات رپورٹ ہوئیں جن میں60فیصد اموات براعظم ایشیا میں ہوئیں۔ فضائی آلودگی کا ہاٹ سپاٹ جنوبی ایشیا ہے جس میں آنے والی نسلیں متاثر ہورہی ہیں۔ فضائی آلودگی کے تدارک کے لئے عالمی اور علاقائی سطح پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔وہ پیر کو یہاں ڈی جی پی آر آفس میں حکومت کی 100روزہ کارکردگی پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں بالخصوص لاہور شہراورملک بھر میں بیشمار درخت کاٹے گئے جس کی وجہ سے آلودگی کا مسئلہ شدت اختیار کرگیا،تحریک انصاف کی موجودہ حکومت نے فضائی آلودگی کے مسئلے کو سنجیدگی سے لیا اور ایک کمیٹی قائم کردی جس نے میڈیم اور لانگ ٹرم اقدامات تجویز کئے ہیں۔