اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر، وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ محکمانہ کھیلوں کی بحالی وزیراعظم کی کھیلوں کے شعبے پر خصوصی توجہ کا نتیجہ ہے، شعبہ جاتی کھیلوں کی بحالی سے کھلاڑی مالی خدشات کے بغیر اپنی ترقی اور کارکردگی پر توجہ مرکوز کر سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی ترقیاتی بینک کے صدر طارق یعقوب سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وفد کے ہمراہ منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی سیکرٹری ندیم ارشاد کیانی اور سپورٹس بورڈ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں نیشنز کپ کے مقابلوں میں شریک پاکستان ہاکی ٹیم نے پولینڈ سے آن لائن شرکت کی۔
اعلامیہ کے مطابق پاکستان ہاکی ٹیم کے دو کھلاڑیوں کو زرعی ترقیاتی بینک میں ملازمت دے دی گئی، کھلاڑیوں میں منیب الرحمن اور احتشام اسلم شامل ہیں۔ اس موقع پر زرعی ترقیاتی بینک کے صدر طارق یعقوب نے اپائنمنٹ لیٹر وفاقی مشیر رانا ثناءاللہ کے سپرد کئے۔ وفاقی مشیر رانا ثناءاللہ نے کہا کہ شعبہ جاتی کھیلوں کی بحالی وزیراعظم کی کھیلوں کے شعبے پر خصوصی توجہ کا نتیجہ ہے، محکمانہ ٹیموں نے تاریخی طور پر ٹیلنٹ کی شناخت اور پرورش میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعبہ جاتی کھیل کھلاڑیوں کو منظم تربیت، مسابقتی مواقع اور مالی مدد فراہم کریں گے، شعبہ جاتی کھیلوں کی بحالی سے کھلاڑی مالی خدشات کے بغیر اپنی ترقی اور کارکردگی پر توجہ مرکوز کر سکیں گے۔