اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی)کسٹم ایکٹ کی واپسی پر ملاکنڈ ڈویژن میںعوام کی جانب سے تشکر ریلیاں ، وزیراعظم کے مشیر انجینئرا میر مقام کا ڈویژن بھر میں جگہ جگہ والہانہ استقبال کیا گیا ، پھول نچھاور ہوئے اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ، ملاکنڈ ایجنسی ، دیر ، چکدرہ ، بریکوٹ میں بڑی بڑی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جبکہ مینگورہ شہر کے نشاط چوک میں ایک بڑے جلسہ عام منعقد ہوا ۔اس موقع پر انجینئرا میر مقام نے کہا کہ پورے ملاکنڈ ڈویژن کے عوام وزیراعظم محمد نواز شریف کے مشکور ہیں جنہوں نے یہاں کے عوام کی پسماندگی ، احساس محرومیوں کو دیکھ کر کسٹم ایکٹ کے نفاذ کا فیصلہ واپس کیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کا ایجنڈا دھرنے دینا ہے اور میاں محمد نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن کا ایجنڈا ملک کو اندھیروں سے نکال کر ترقیافتہ ممالک کے صف میں لاکھڑا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسٹم ایکٹ پر سیاست بند ہونی چاہئے۔ ملاکنڈ ڈویژن میں کسٹم ایکٹ کے نفاذ کافیصلہ صوبائی حکومت کے سفارش پر کیاگیا تھا۔