اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):پاکستان میں جمہوریہ ازبکستان کے سفیر ایبک عارف عثمانوف نے بدھ کو یہاں وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی، عوامی امور، قومی ورثہ اور ثقافت انجینئر امیر مقام سے ملاقات کی۔ انھوں نے ازبکستان کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے ازبک صدر شوکت مرزیوئیف کو صدر کی مدت میں توسیع کے لیے ملک گیر ریفرنڈم جیتنے پر مبارکباد دی۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہمیشہ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات رہے ہیں۔انہوں نے ثقافتی ورثے میں تعلقات کو مضبوط بنانے کے امکانات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نمایاں امکانات موجود ہیں۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ دونوں دوست ممالک کے درمیان اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی روابط اتحاد کا ذریعہ ہیں۔پاکستان میں جمہوریہ ازبکستان کے سفیر ایبک عارف عثمانوف نے ثقافتی ورثے کے شعبے میں تعاون کے امکانات کو تسلیم کیا اور ترقی پسند بنیادوں پر مشترکہ منصوبے شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ازبکستان کے سفیر نے وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام کو صدر ازبکستان شوکت مرزیوف اور وزیر ثقافت ازبکستان کی طرف سے ازبکستان میں 5 مئی سے 9 مئی تک ہونے والی ثقافتی تقریب میں مدعو کیا۔وزیراعظم کے مشیر نے ازبکستان کے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور ثقافتی تقریب میں شرکت کی دعوت بھی قبول کی۔
سفیر نے کہا کہ پاکستان میں صوفی روایات میں تاریخی روابط موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں برادر ممالک مشترکہ تاریخ اور عقیدہ رکھتے ہیں۔جمہوریہ ازبکستان کے سفیر نے دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کے لیے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان رابطوں کے منصوبوں کو فروغ دینے پر زور دیا۔
پاکستان میں جمہوریہ ازبکستان کے سفیر ایبک عارف عثمانوف نے وزیر اعظم کے سیاسی، عوامی امور، قومی ورثہ اور ثقافت کے مشیر انجینئر امیر مقام سے ملاقات کے دوران پشتو میں بات کی۔ اس سے ملاقات کے دوران مزید خوشگوار صورتحال پیدا ہو گئی۔وزیراعظم کے مشیر نے سفیر کے پشتو بولنے پر خوشی کا اظہار کیا۔