
اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی، عوامی امور اور قومی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام نے منگل کو نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوک اینڈ ٹریڈیشنل ہیریٹیج لوک ورثہ کا دورہ کیا اور 10 روزہ لوک میلے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے مختلف صوبائی و دیگر پویلینزکا بھی دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ10 سٹالز خصوصی طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دستکاروں اور کاریگروں کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔لوک ورثہ کے سینئر عہدیداروں نے انہیں 10 روزہ لوک میلے کے انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ قومی ورثہ اور ثقافت ڈویژن ملک کے لوک ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لئے پرعزم ہے۔
وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ لوک میلہ ہمارے دیہی علاقوں کی متحرک تخلیقی صلاحیتوں کو پھیلانے کا کام کرتا ہے اور دیہی لوگوں کو ان کی شناخت پر فخر محسوس کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوک میلے کا انعقاد ملک کے مقامی لوک ورثے کے فروغ ، قومی ہم آہنگی اور یکجہتی کو مضبوط کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوک میلے کا مقصد دستکاروں اور لوک فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ لوک میلہ 25 نومبر سے شروع ہوگا اور 10 روزہ لوک میلے کی افتتاحی تقریب اور چادرپوشی 26 نومبر کو ہوگی۔وزیراعظم کے مشیر برائے قومی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام اس موقع پر مہمان خصوصی ہوں گے۔