وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کا او آئی سی کمیٹی برائے فلسطین کے اجلاس سے خطاب

124

اقوام متحدہ ۔ 20 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے فلسطین کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے فلسطینیوں کے بنیادی حقوق غصب کر رکھے ہیں،اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر او آئی سی کمیٹی برائے فلسطین کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے یہودی بستیوں میں غیر قانونی توسیع جاری ہے اور معصوم فلسطینیوں کو منظم انداز میں شہید کیا جا رہا ہے اور لاکھوں کی آبادی کے شہرغزہ کا محاصرہ کئی سال سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا چاہئے اور ان کے مسئلہ پر بھرپور توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی 1967ءسے پہلے کی جغرافیائی حدود کے تحت اپنی آزاد ریاست ہونی چاہئے جس کا دارالحکومت القدس ہو۔ سرتاج عزیز نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔ اجلاس میں فلسطین‘ ملائیشیا اور سینیگال کے وزرائے خارجہ بھی شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ مصر‘ اردن اور ترکی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں بین الاقوامی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ اسرائیل پر بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنے وعدوں پر عملدرآمد کرانے کے لئے دباﺅ ڈالے اور مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن و استحکام کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔