اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ سے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ خالد خورشید نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں گلگت بلتستان کی معاشی صورتحال بالخصوص رواں اور آئندہ مالی سال کے بجٹ اور گندم کی ترسیل و تقسیم کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔اس موقع پر مشیر اُمور کشمیر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ہمیشہ گلگت بلتستان کی خصوصی حیثیت کو مدنظر رکھتے ہوئے بھرپور تعاون کیا ہے ، ملک میں معاشی بدحالی اور آئی ایم ایف کی کڑی شرائط کی وجہ سے جہاں تمام صوبوں کے ترقیاتی بجٹ میں نمایاں کمی کی گئی وہاں وزارت اُمور کشمیر و گلگت بلتستان نے وزارت منصوبہ بندی اور وزارت خزانہ سے خصوصی کوششوں ذریعے گلگت بلتستان کے ترقیاتی بجٹ کو برقرار رکھوایا۔
مشیر اُمور کشمیر نے اس امر پر زور دیا کہ گلگت بلتستان کی حکومت ترقیاتی فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنائے او ر اس کے استعمال کی رپورٹ جلد وزارت منصوبہ بندی اور وزارت خزانہ سے شئیر کرے تاکہ وزارت اُمور کشمیر گلگت بلتستان کے باقی ماندہ بجٹ کی ریلیز کی ممکن ہو سکے۔اُنہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کی حکومت اور عوام کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اُن کے فرائض منصبی میں شامل ہے اور اس ضمن میں وزیراعظم کی واضح ہدایات ہیں کہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ ملاقات میں گلگت بلتستان میں گندم کی ترسیل اور تقسیم کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر مشیر اُمور کشمیر نے کہا کہ گلگت بلتستان میں گندم کی ترسیل او رتقسیم کے حوالے سے نظام کو مزید شفاف بنانے کی ضرورت ہے تاکہ گلگت بلتستان میں گندم کی اس سہولت سے گلگت بلتستان کے کونے کونے میں بسنے والے مستحق افراد مستفید ہوسکیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے گلگت بلتستان میں گندم کی قیمت بڑھانے کے حوالے سے مشیر اُمور کشمیر کو آگاہ کیا اور مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کو 16 لاکھ میڑک ٹن گندم کی فراہمی کو یقینی بنائے۔
اس موقع پر مشیر اُمور کشمیر نے گلگت بلتستان کی حکومت کی جانب سے گندم کی قیمت بڑھانے کے عمل سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے گندم کی تقیسم اور ترسیل میں بہتری اور خردبرُد میں نمایاں کمی واقع ہو گی۔ انہوں نے بہر حال واضح کیا کہ اس قدم کو 160 میٹرک ٹن گندم کی سپلائی کے ساتھ مشروط کرنا ممکن نہیں ہے کیونکہ اس سے مستقبل میں متعددپیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت نے ہمیشہ گلگت بلتستان کو آبادی کے حساب سے گندم کی بروقت ترسیل کی کوشش کی ہے اور اس ضمن میں مارچ اور اپریل میں بھی وزارت نے گلگت بلتستان کے ساتھ مل کرکام کیا اور مئی جون کی ترسیلات کو بھی یقینی بنانے کے لیے اپنا اثرورسوخ جاری رکھے گی۔ اس موقع پر مشیر اُمور کشمیر نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو یقین دلایا کہ گلگت بلتستان کی حکومت اس ضمن میں قابل عمل اور پائیدار منصوبہ بندی کرے اور اُن کی وزارت اُس پلان کی حتمی منظوری کے لیے اپنا ہر ممکن تعاون پیش کرے گی۔