وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، صنعت و پیداوار و ٹیکسٹائل عبدالرزاق داﺅد کی پریس کانفرنس

43

اسلام آباد ۔ 9 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، صنعت و پیداوار و ٹیکسٹائل عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ کھاد کی قیمتوں میں تاحال اضافہ نہیں کیا گیا، اس حوالہ سے (کل) جمعرات کو کھاد ساز کارخانوں کے ساتھ بیٹھ کر فیصلہ کریں گے، کھاد کی قیمتیں ناجائز طور پر اوپر نہیں جانے دیں گے، کسانوں کا خاص خیال رکھتے ہوئے ان پر کم سے کم بوجھ ڈالنا ہے، رواں سال کے دوران تجارتی خسارہ میں نمایاں کمی ہوئی اور مجموعی برآمدات 23 ارب ڈالر رہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر پاکستان دن بدن ترقی کی راہ پر گامزن ہے، حکومت معیشت کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کیلئے مو¿ثر حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال کے دوران مجموعی برآمدات 23 ارب ڈالر رہی ہیں جبکہ حکومتی ہدف 24 ارب ڈالر تھا۔ انہوں نے کہا کہ بعض شعبوں کی برآمدات میں نمایاں اضافہ اور بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گارمنٹس کی برآمدات میں 36 فیصد، باسمتی چاول 20 فیصد، سیمنٹ 46 فیصد، فارماسیوٹیکلز 26 فیصد، فٹ ویئر 27 فیصد، نٹ ویئر کی برآمدات میں 18 فیصد اضافہ ہوا ہے۔