
اسلام آباد ۔ 14ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل و صنعت و پیداوار اور سرمایہ کاری عبدالرزاق داﺅد سے چین کے سفیر ژاﺅ جنگ نے ملاقات کی۔ جمعہ کے روز ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داﺅد نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ قریبی تجارتی اور کاروباری تعلقات ہیں جبکہ 2006ءمیں آزادانہ تجارتی معاہدے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبے سے دوطرفہ تعلقات میں نئی سمت متعین ہوئی ہے۔ انہوں نے پاکستان کی چین کے لئے برآمدات میں مزید تیزی لانے کی ضرورت ہے جس سے چین کی مارکیٹوں تک بہتر رسائی بھی حاصل ہو گی۔ اس موقع پر چین کے سفیر ژاﺅ جنگ نے عبدالرزاق داﺅد کو بتایا کہ چین کا بائنگ مشن (خریدار مشن) پاکستان آ رہا ہے جس کی پاکستان کے برآمد کنندگان کے لئے بہت اہمیت ہے جس سے نہ صرف پاکستان کی برآمدات بڑھ سکتی ہیں بلکہ ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات ہوں گے۔ وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داﺅد نے چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو، جو نومبر 2018ءمیں شنگھائی میں ہو گا، کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس میں پاکستان بھرپور شرکت کرے گا۔ دونوں اطراف سے خطے میں ترقی و خوشحالی کے لئے تعاون کو مزید بڑھانے پر رضا مندی ظاہر کی۔