وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داﺅد کاپاکستان ۔ ملائیشیا سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب

119
APP04-17 ISLAMABAD: February 17 - Advisor to the PM on Commerce, Mr. Abdul Razak Dawood talking to media persons after a meeting with delegation of Saudi Investors, led by Chairman ACWA Power International, Mr. Mohammad A. Abunayyan at Board of Investment. APP photo Saeed-ul Mulk

اسلام آباد ۔ 22 مارچ (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داﺅد نے کہا ہے کہ ملائیشیا نے اپنی مثبت پالیسیوں کی بدولت تیز رفتار ترقی کی ہے، دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو وسیع تر تجارتی و سرمایہ کاری تعاون میں بدلنا چاہتے ہیں۔ وہ جمعہ کو پاکستان ۔ ملائیشیا سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون شریف نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ عبدالرزاق داﺅد نے کہا کہ وہ ملائیشین تاجروں اور سرمایہ کاروں کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کرتے ہیں۔ پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورہ سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات مزید فروغ پائیں گے جبکہ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے امکانات بڑھیں گے۔ اس موقع پر ہارون شریف نے ملائیشین وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے کا اہم فورم ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے ہیں۔ اس کانفرنس کا مقصد دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کو باہمی طور پر متعارف کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی معنوں میں تبدیلی کا وقت آ گیا ہے، دنیا میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے نئے مراکز ابھر رہے ہیں۔ ہم ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کریں گے۔ چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے پاس اس وقت بہترین اور پرعزم قیادت موجود ہے، دونوں ممالک کے درمیان ایم او یوز پر دستخط کرنے کا مقصد باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع کو بڑھانا ہے۔ ہمیں چوتھے صنعتی انقلاب کی طرف بڑھنا ہے، پاکستان کاروبار اور سرمایہ کاری کے لئے کھلا ہے اور یہاں وسیع تر سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ ملائیشین تاجروں اور سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر ملائیشیا کے کاروباری وفد کے سربراہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشین سرمایہ کار پاکستان میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کی ساگا کمپنی پاکستان میں متعارف کروا رہے ہیں۔ آٹو انڈسٹری میں سرمایہ کاری اور پاک ملائیشیا تعاون سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے وفود کے ارکان کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کے ساتھ ساتھ نئے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔