وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائودکا اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ کے دوسرے سیشن سے خطاب

70
وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائودکا اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ کے دوسرے سیشن سے خطاب
وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائودکا اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ کے دوسرے سیشن سے خطاب

اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ قومی سلامتی اور مضبوط معیشت کا ایک دوسرے سے براہ راست تعلق ہے ، موجودہ حکومت اقتصادی سفارتکاری کے ذریعے قومی سلامتی کا تحفظ یقینی بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کو یہاں اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ کے دوسرے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ کے حوالہ سے 2روزہ کانفرنس کا انعقاد نیشنل سکیورٹی ڈویژن نے کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ سے پتہ چلتا ہے کہ معاشی بدحالی اور سیاسی عدم استحکام ریاستوں کے لئے تباہی کا بنیادی سبب بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوویت یونین کا ٹوٹنا اس کی بہترین مثال ہے ۔

عبدالرزاق دائود نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح ملک کو مضبوط معاشی طاقت بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اکنامک سکیورٹی صنعتی ترقی، انرجی سکیورٹی، فوڈ سکیورٹی، رابطہ کاری اور فنانشل سفارتکاری کے ساتھ جڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسی بڑی قوم درآمد اور تجارت پر انحصار نہیں کر سکتی، اسے ٹیکنالوجی کی بنیاد پر مینوفیکچرنگ کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی پیداوار کو بڑھانے کیلئے وزارت تجارت ’’میک ان پاکستان ‘‘پالیسی کا نفاذ کر رہی ہے تاکہ درآمدی نعم البدل کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈی انڈسٹریلائزیشن ہورہی تھی ،موجودہ حکومت نے اس عمل کو ریورس کیا ہے اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے ا ٓ رہے ہیں، اب ہم درست سمت پرنکل پڑے ہیں،ہم افغانستان،ایران، ازبکستان کے ساتھ تجارت کو بڑھا رہے ہیں،ان ممالک کے زریعے سنٹرل ایشیاء تک تجارت و روابط کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں توانائی، خوراک، و انٹرنیٹ اور پورٹس میں سرپلس صلاحیت کا حامل ملک ہونا چاہئے۔