اسلام آباد ۔ 30 مئی (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت، پیداوار اور سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود کے زیر صدارت پاکستانی کھجوروں کی برآمدات کے حوالہ سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں سیکرٹری تجارت، سیکرٹری فوڈ سکیورٹی اور کھجور کے تاجروں اورسٹیٹ بینک اور ایف بی آر کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری تجارت احمد نواز سکھیرا نے کھجوروں کی برآمدات کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھجور کی پیداوار کے حوالہ سے پاکستان کا شمار دنیا کے 10 بڑے ممالک میں ہوتا ہے۔ اجلاس میں ایک وفد کی تشکیل پر اتفاق ہوا جو نئی منڈیوں کی تلاش کیلئے بیرون ممالک کا دورہ کرے گا۔ پاکستانی وفد بنگلادیش، سری لنکا، نیپال سمیت دیگر ممالک کا دورہ کرے گا۔ وفد ان ممالک میں کھجور کی برآمدات کے حوالی سے منڈیوں کی تلاش کرے گا۔