وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 10 نومبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں انتخابی مہم کے بیانات کی نوعیت اور جبکہ پالیسی بیانات کی نوعیت کچھ اور ہوتی ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی کی مبارکباد کے لیے خط لکھ دیا ہے جس میں یہ بات بھی لکھی گئی ہے کہ پاکستان اور امریکہ کی گذشتہ سات دہائیوں سے قریبی شراکت داری ہے جو خطے کے لیے مل کر کام کرتے رہے ہیں اور مستقبل میں بھی اس خطے کے امن اور سلامتی کے لیے ضروری ہے جسے ہم نے مل کر مزید مستحکم بنانا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈونلڈ ٹرمپ کے الیکشن لڑنے کے پلیٹ فارم کا جائزہ لیا ہے تاکہ مشترکہ چیزوں کو تلاش کر سکیں جن میں انسداد دہشت گردی سب سے اہم ہے کیونکہ یہ امریکا کی بھی ترجیح ہے اور ہماری بھی، افغانستان مین دہشت گردی کا سلسلہ آج بھی چل رہا ہے جس پر قابونہیں پایا جا سکا، ہماری بھی ترجیح یہی ہے کہ افغانستان میں امن ہو سیاسی عمل آگے بڑھے اورخطہ ترقی کرے