اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور محمد سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ ہم کشمیر کے مسئلے پر کسی صورت بھی پیچھے نہیں ہٹ سکتے، پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کو جاری رکھے گا اور ہر اہم عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جائے گا، جمعے کو پاکستان ٹیلی ویژن کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 08 جولائی کے بعد مسئلہ کشمیر پر پوری دنیا میں سفارتی سطح پر بہت موثر کارروائی ہوئی ہے اور ہم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سمیت او آئی سی کے سیکرٹری جنرل اور انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ اور دیگر اہم عالمی رہنماﺅں سے مستقل رابطے کیے ہیں تاکہ انہیں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ رکھا جا سکے اور بھارتی افواج مقبوضہ وادی میں نہتے کشمیریوں پر جو ظلم و بربریت ڈھا رہی ہیں اور انسانی حقوق کو سر عام پامال کر رہی ہیں اسے دنیا کے سامنے لا کر بھارتی مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا جا سکے، ہماری اس کاوش کا ہمیں دنیا کی جانب سے مثبت پیغام ملا ہے اور دنیا نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کی ہے۔