اسلام آباد ۔ 19 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے اتوار کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی کیمپ پر حملے کے حوالے سے پاکستان پر لگائے جانے والے بھارتی الزامات کو بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ یہ الزامات مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال سے توجہ ہٹانے کی بھارتی کوشش ہیں۔ وینزویلا سے نیوریارک پہنچنے کے فوراً بعد اپنے ایک بیان میں مشیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارت کی سول اور فوجی قیادت کے اس طرح کے غیر مصدقہ اور سخت بیانات پر شدید تحفظات رکھتا ہے جو گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں بھارتی فوج پر حملے کے بعد جاری کئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے اعلیٰ حکام کی جانب سے لگائے جانے والے بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ الزامات کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے ۔مشیر خارجہ نے کہا یہ مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی کی شہادت کے بعد انسانی حقوقی کی سنگین خلاف ورزیوں سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی بھارتی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بات کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پاکستان کی پیدا کردہ نہیں ہے بلکہ یہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے اورجبر و استبداد کی طویل تاریخ کا نتیجہ ہے جس کے دوران ہزاروں افراد جاں بحق ہوئے ۔