اسلام آباد۔7دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و ریونیو شوکت ترین سے کوکاکولا آئی سک کے وفد نے جنرل منیجر احمت کورسد ارتن کی سربراہی میں ملاقات کی۔ منگل کو وزارت خزانہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کوکاکولا آئی سک کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے مشیر خزانہ نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کو بہترین ماحول کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے اور اس حوالے سے کاروباری آسانیوں کی فراہمی کے اقدامات کے ساتھ ساتھ مراعات اور بھرپور معاونت فراہم کی جاتی ہے۔ وفد نے ترکش کوکاکولا کمپنی کے پاکستان میں کاروباری آپریشنز کے حوالے سے بریفنگ دی۔
انہوں نے ملک میں کاروباری اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے حکومت کی کاوشوں کوسراہا۔ وفد نے پاکستان میں بیوریج کی صنعت کی ترقی اور فروغ کے ساتھ ساتھ معاشی شرح نمو کی بڑھوتری کیلئے ڈیوٹیز اور ٹیکسز کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔
مشیر خزانہ نے وفد کو پاکستان میں کمپنی کے کاروبار کے حوالے سے ہر طرح کی ممکنہ معاونت کے سلسلہ میں یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت کاروباری آسانیوں کی فراہمی کیلئے ہر طرح کے ممکنہ اقدامات کو یقینی بنائے گی اور ان کو کاروبار کے مساوی مواقع فراہم کئے جائیں گے کیونکہ حکومت سرمایہ کاری اور برآمدات کی بنیاد پر معاشی ترقی پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے وفد کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ برآمدی مارکیٹ میں داخل ہوں اور حکومت ان کے اس اقدام پر مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ وفد کے رکن سینان سم ساہن نے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے عملی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی حکومت کاروباری برادری اور سرمایہ کارو ں کو بہترین کاروباری ماحول کی فراہمی اور پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جامع اقدامات کررہی ہے۔ اپنے اختتامی کلمات میں مشیر خزانہ نے وفد کو پاکستان میں کاروبار کے آغاز کے حوالے سے ہر طرح کی ممکنہ معاونت کا یقین دلایا۔