وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و ریونیو ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی صدارت میں فیسکل پالیسیز کو آرڈینیشن بورڈ کا اجلاس

84

اسلام آباد ۔ 28 اگست (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و ریونیو ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی صدارت میں فیسکل پالیسیز کو آرڈینیشن بورڈ کا اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا جس میں شرح نمو، افراط زر، سرمایہ کاری اور معیشت کے بیرونی شعبہ پر فیسکل اور مانیٹری پالیسیوں کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ بورڈ کو بنیادی معاشی اشاریئے اور پالیسیوں کے استحکام کے اثرات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں بجلی اور گیس کی قیمتوں کی ایڈجسٹمنٹ، مارکیٹ بیسڈ ایکسچینج ریٹ ایڈجسٹمنٹ اور شرح سود میں اضافے سمیت حکومتی فیصلوں کی کارکردگی اور معیشت کے بنیادی خدو خال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران معیشت کے حوالے سے وسیع مواقعوں کے حامل شعبوں میں اقتصادی سرگرمیاں بڑھانے کے لئے مختلف آپشنز بھی زیر غور لائے گئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بیرونی شعبے پر دباﺅ کو آئی ایم ایف سے ملنے والی پہلی قسط سے ریلیف دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سعودی تیل کی سہولت اور برآمدات میں اضافے سے بھی اس دباﺅ میں کمی لائی گئی ہے۔