اسلام آباد ۔ 5 دسمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ اور ادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کو بین الاقوامی معیار کے مطابق خوبصورت اور تمام سہولتوں سے آراستہ شہر بنانے کےلئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو یہاں عرفان صدیقی سے ملاقات کی۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ ان کی وزارت سی ڈی اے کے تعاون سے اسلام آباد کے موزوں مقامات پر لائبریریز اور کتاب گھر بنانا چاہتی ہے تاکہ اچھی کتابیں اسلام آباد کے ہر شہری کی دسترس میں ہوں۔ اس موقع پر اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو درپیش مسائل کا فوری حل ان کی سب سے بڑی ترجیح ہے، وہ سی ڈی اے کے کردار کو زیادہ موثر بنانے کےلئے کوشش کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کے مسائل بلاتاخیر حل ہوںاور یہ ادارہ عوامی خدمت کی ایک عمدہ مثال بن جائے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=32082